18 مارچ ، 2021
الیکشن کمیشن نے این اے 75 ڈسکہ کا نقشہ اور تفصیلات سپریم کورٹ میں جمع کروا دیں۔
الیکشن کمیشن نے دیگر افسران کو کی گئی کالز کا ریکارڈ بھی سپریم کورٹ میں جمع کروا دیا۔
سپریم کورٹ میں جمع کروائے گئے جواب میں بتایا گیا کہ چیف سیکریٹری پنجاب کو 20 فروری صبح 4 بجے کے قریب 22 منٹ میں 7 مرتبہ فون کیے گئے لیکن ان کی جانب سے جواب نہ ملا۔
الیکشن کمیشن نے بتایا کہ حلقے کے 38 پولنگ اسٹیشنز پر فائرنگ کے واقعات پیش آئے، لاپتہ پریذائیڈنگ افسران کے پولنگ اسٹیشنز کی تفصیلات بھی الیکشن کمیشن کے پیش کردہ نقشے میں شامل ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ڈسکہ میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں بڑے پیمانے پر ہنگامہ آرائی کے واقعات پیش آئے تھے اور پھر مسلم لیگ ن کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے این اے 75 ڈسکہ کا الیکشن کالعدم قرار دیتے ہوئے دوبارہ کروانے کا حکم دیا تھا۔