قومی ویمن فٹبال چمپیئن شپ، پاکستان آرمی نے ایف سی کراچی کو 25 گولز سے ہرادیا

کراچی میں جاری قومی ویمن فٹبال چمپیئن شپ میں پاکستان آرمی نے گولز کی بوچھاڑ کردی اور  ایف سی کراچی کو 25 گولز سے  ہرادیا۔

تیرہویں قومی ویمن فٹبال چیمپیئن شپ میں اتوار کو پانچ میچز کھیلے گئے، صبح کے پی ٹی اسٹیڈیم میں ہونیوالے میچ میں پاکستان آرمی نے ایف سی کراچی کے خلاف گولز کی بوچھاڑ کردی اور صفر کے مقابلے میں25 گولز سے فتح حاصل کی۔

 پاکستان آرمی کی علیزہ صابر نے 9  صوائبہ سرفراز نے6 ،ہاجرہ خان نے تین جبکہ رامین فرید اور روشنان علی نے دو ، دو گول کیے۔

 دوسری جانب ریاض کامل ایف سی اور ینگ رائزنگ اسٹارز کے درمیان کے ایم سی گراؤنڈ پر ہونیوالا میچ ایک۔ ایک گول سے برابر رہا۔ 

 ریاض کامل کو عریبہ نے بیسویں منٹ میں برتری دلادی لیکن آخری لمحات میں طوبٰی نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔ 

 گروپ ڈی میں ہائی لینڈرز ویمن کلب نے کامیابیوں کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے دیا ویمن کلب کو چار ۔ صفر سے شکست دی، فاتح ٹیم کی اسمارہ حبیب نے دو گولز کیے، ماروی بیگ اور کافیہ کریم نے ایک، ایک گول کیا۔ 

 ایم یو کے اور نواں شہر یونائٹیڈ کے درمیان ہونیوالا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ 

شام کے سیشن میں ہونیوالے گروپ بی کے میچ میں کراچی یونائٹیڈ نے سیالکوٹ سٹی کو گیارہ ۔ صفر سے شکست دی،  ذوالفیہ نذیر نے 6 جبکہ سوحا ہیرانی نے تین گولز اسکور کیے۔

مزید خبریں :