22 مارچ ، 2021
قومی ائیرلائنز پی آئی اے کے ترجمان نے اصفہانی ہینگر سے متعلق اشتہارکی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی اے کے کسی اثاثے کو نیلام نہیں کیا جارہا۔
پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے اپنے کسی اثاثے کو نیلام نہیں کررہا، پی آئی اے اپنی بیلنس شیٹ ری اسٹرکچرنگ کے لیے تمام اثاثہ جات کا تخمینہ لگو ا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق اصفہانی ہینگرکا درست تخمینہ لگوا کربیلنس شیٹ میں اندراج کرایا جائےگا۔
خیال رہےکہ پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ جہازوں کی مرمت کے ایشیا کے سب سے بڑے ادارے اصفہانی ہینگر کی نیلامی کی تیاری ہو رہی ہے۔
اپنے بیان میں شیری رحمان کا کہنا تھاکہ جہازوں کی مرمت کرنے کا شعبہ اصفہانی ہینگر 70 کی دہائی میں قائم ہوا، اس ادارے میں جہازوں کی مکمل مرمت کی جاتی ہے، یہ ادارہ ناصرف پاکستان بلکہ دیگر ممالک کو مرمت کی سہولت دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ادارہ حکومت کو کروڑوں روپے کا منافع دے رہا ہے تاہم اصفہانی ہینگرکی نجکاری سے ملکی جہازوں کی مرمت کروڑوں روپے میں کرانی پڑے گی۔
شیری رحمان کا کہنا تھاکہ تباہی سرکار پی آئی اے کے اثاثے اپنے دوست احباب کو بیچ رہی ہے، روز ویلیٹ کی طرح اصفہانی ہینگر کی بھی بندربانٹ کی جارہی ہے، تباہی سرکار اسلام آباد سے کراچی تک ملکی ادارے بیچنے کے اشتہار دے رہی ہے۔