30 ستمبر ، 2012
لاہور…معاشرے میں عدم برداشت اب یہاں تک پہنچ گیا ہے کہ چھت پر کبوتر بیٹھنے کے جھگڑے پر تین کمسن بچوں کی ماں کی جان لے لی گئی۔ لاہور کا نواحی گاوٴں ڈوگراں چند روز قبل یہاں کے رہائشی الیاس کی چھت پر اس کے پڑوسی فقیر حسین کا کبوتر بیٹھ گیا۔ الیاس پر فقیر نے کبوتر چوری کا الزام لگا دیا، بس پھر کیا تھا گالم گلوچ ہونے لگی اور نوبت جا پہنچی ہاتھا پائی پر۔ بات اتنی بڑھی کہ فقیر حسین اور اس کے ساتھیوں نے فائرنگ کر دی۔ الیاس تو بچ گیا لیکن گولیوں کا شکار بن گئی چالیس سالہ بیوہ رفاقت بی بی۔واقعہ میں 10 افراد نامزد ہوئے، لیکن چار روز گزرنے کے بعد بھی صرف ایک ملزم پولیس کے ہتھے چڑھا۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ تین بچوں کی ماں رفاقت بی بی کی جان تو چلی گئی، لیکن معمولی باتوں پر جھگڑے اور ان میں انسانی جانوں کا ضیاع معاشرے کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لئے قانون کا موثر نفاذ اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔