جہانگیر ترین اور حمزہ کی ملز بھی چینی کی سٹہ بازی میں ملوث ہیں، شہزاد اکبر

وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبرکا کہنا ہےکہ جہانگیر ترین اور حمزہ شہباز کی ملز سمیت بڑے گروہ چینی مہنگی کرنے کی سازش میں ملوث ہیں ۔

لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ چینی مافیا کے خلاف ایف آئی اے کا بڑا آپریشن جاری ہے، جو گروہ سامنے آئے ہیں ان کے لیے مافیا کا لفظ چھوٹا ہے ۔

 شہزاد اکبرکا کہنا تھا کہ رمضان آرہا ہے اور ذخیرہ اندوز چینی کی قیمتیں بڑھانا چاہ رہے تھے ،شوگرکی قیمتیں کبھی 70 روپے توکبھی 100 روپے ہو جاتی ہے،4 ماہ کے اندر پورےسال کی چینی تیار ہوجاتی ہے، سٹے بازوں کے خلاف بڑا آپریشن کیا گیا ہے، چینی ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھی 10 ایف آئی آر درج کی گئی، سٹے بازوں اورذخیرہ اندوزوں کےگروہوں کے ساتھ شوگر ملز بھی ملوث تھیں ، ان ملوں میں جہانگیرترین کی مل اور حمزہ شہباز کی مل کا نام بھی سامنے آیا ہے۔

مشیر احتساب کا کہنا تھاکہ  چینی کی سٹہ بازی اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث گروہ منی لانڈرنگ میں بھی ملوث ہیں،یہ سٹے بازکہیں رجسٹرڈ ہی نہیں،سٹے بازوں کے پورے نیٹ ورک کے خلاف آپریشن شروع کیا گیا ہے، چینی کی قیمتوں میں ردوبدل ان سٹے بازوں کی وجہ سے ہوتا ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ چینی کے نظام اور ترسیل کو ریگولیٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،کسی بھی ڈیلر کو 2.5 میٹرک ٹن سے زیادہ چینی ذخیرہ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کوئی شوگرمل غیررجسٹرڈ ڈیلرکوچینی نہیں دے سکےگا، زیادہ چینی ذخیرہ کرنے کے لیے متعلقہ ڈپٹی کمشنرسےاجازت لیناہوگی،شوگرملز اور ڈیلرز اپنا تمام ریکارڈ کین کمشنرکو دینے کے پابند ہوں گے۔

مزید خبریں :