سشانت کی بہن پریانکا کو سپریم کورٹ سے دھچکا، درخواست خارج

بھارت کی سپریم کورٹ نے گزشتہ برس خودکشی کرنے والے اداکارسشانت سنگھ راجپوت کی بہن پریانکا سنگھ کی اُس درخواست کو بھی مسترد کردیا ہے، جس میں انہوں نے ریا چکرورتی کے ذریعہ اپنے خلاف درج ایف آئی آر کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

گذشتہ ماہ بمبئی ہائی کورٹ نے سشانت کی بہن میٹھوسنگھ کے خلاف درج ایف آئی آر منسوخ کرنے کا حکم دیا تھا جب کہ ایک اور بہن پریانکا کے خلاف ایف آئی آر منسوخ کرنے سے انکار کردیا گیا تھا۔

پریانکا نے بمبئی ہائی کورٹ کے اسی فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

پریانکا کی درخواست پر ، سپریم کورٹ میں تین ججوں نے سماعت کی۔

واضح رہے کہ ریا چکرورتی نے رام منوہر لوہیا اسپتال کے ڈاکٹر ترون کمار ، سشانت کی دو بہنوں پریانکا سنگھ اور میٹھو سنگھ کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔

مقدمے میں تینوں پر جعلی میڈیکل نسخے بنا کر سشانت کے لیے دوائیں دینے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

نومبر 2020 میں سشانت کی بہنوں نے اس کیس کو بمبئی ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ ڈاکٹر نے سوشانت کے لیے دوائیں لکھی ہیں اس لیے انہوں نے کوئی جرم نہیں کیا ہے۔

پرینکا سنگھ نے درخواست میں دعویٰ کیا تھا کہ ریا چکرورتی نے اس سے قبل سپریم کورٹ اور میڈیا پلیٹ فارم پر دیئے گئے بیانات سے ایک الگ کہانی بیان کی تھی ۔ تاہم ، بمبئی ہائیکورٹ نے اس درخواست کو مسترد کر دیا تھا اورکہا تھا کہ پہلے یہ معاملہ پریانکا سنگھ کے خلاف پایا گیا تھا اور ان کے خلاف تحقیقات میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے ۔

اس فیصلے کو پریانکا سنگھ نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جہاں تین رکنی بینچ نے آج اسے مسترد کر دیا۔

مزید خبریں :