Time 26 مارچ ، 2021
پاکستان

پیپلزپارٹی نے اپنی سیاست کا جنازہ نکال دیا، رانا ثنا اللہ

پیپلزپارٹی نے باپ کے ساتھ مل کر نقصان کا سودا کیا ہے، چیئرمین سینیٹ اور لیڈر آف اپوزیشن بھی سلیکٹڈ ہیں، لیگی رہنما— فوٹو:فائل 

پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے درمیان ایوان بالا (سینیٹ) میں اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر اختلافات بڑھتے جارہے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کےساتھ‘میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ ’میں سمجھتا ہوں کہ پیپلزپارٹی نے اپنی اپوزیشن کی سیاست کا آج جنازہ نکال دیا ہے اور پیپلزپارٹی نے اتنا غیر سیاسی فیصلہ کیا ہے کہ اس میں نہ صرف اپنا نقصان کیا ہے بلکہ انہوں نے سلیکٹڈ لوگوں کو بھی ایکسپوز کردیا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ پتا نہیں پیپلزپارٹی سے غلطی کس نے کروائی ہے؟ چیئرمین سینیٹ اور لیڈر آف اپوزیشن بھی سلیکٹڈ ہیں، پیپلزپارٹی نے خود کو نقصان پہنچایا ہے۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھاکہ پیپلزپارٹی نے بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے ساتھ مل کر نقصان کا سودا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مطالبہ کیا کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ اجلاس میں پی پی اور اے این پی کوبلایا جائے۔

رانا ثنا اللہ نے کہاکہ صادق سنجرانی نے گیلانی کو اپوزیشن لیڈربنانے میں بنیادی کردار ادا کیا ہے، پیپلزپارٹی اوریوسف رضا گیلانی نےبہت ہی غلط فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ سینیٹ میں پاکستان پیپپلزپارٹی کے سینیئر رہنما و سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اپوزیشن لیڈر مقرر ہوگئے ہیں جس کے بعد اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی 2 بڑی جماعتوں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان اختلافات سامنے آگئے ہیں۔

دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے ایک دوسرے پر بیان بازی کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔

مزید خبریں :