دنیا
Time 27 مارچ ، 2021

بنگلادیش: مودی کی آمد پر پرتشدد مظاہروں میں 4 افراد ہلاک

ڈھاکا: بنگلادیش میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورے کے دوران پرتشدد مظاہروں میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلا دیش کے 50 ویں یومِ آزادی اور اس کے بانی شیخ مجیب الرحمان کی 100 ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے لیے بھارتی وزیراعظم دو روزہ دورے پر جمعہ کے روز بنگلادیش پہنچے تھے تاہم ان کی بنگلادیش آمد سے قبل ہی مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے شروع کردیے گئے تھے۔

مظاہرین کا کہنا ہےکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے 2002 میں گجرات کے وزیراعلیٰ کے وقت ہزاروں مسلمانوں کو قتل کیا گیا جب کہ مودی نے مذہبی کشیدگی پیدا کی اور بھارتی مسلمانوں پر مظالم ڈھائے۔

بنگلادیش میں ایک ہفتے سے جاری احتجاج میں 26 مارچ کو مودی کی آمد کے ساتھ ہی شدت آگئی اور چٹاگانگ شہر میں احتجاج کے دوران پولیس کی فائرنگ سے 4 مظاہرین ہلاک ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ مظاہرین پولیس اسٹیشن کے اندر گھسے اور بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائی جس کے بعد انہیں منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور ربر کی گولیاں فائر کی گئیں۔

بنگلادیش کے شہر چٹاگانگ میں احتجاج کرنے والی تنظیم حفاظت اسلام نے مودی کے دورے کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہا ہےکہ مودی بھارت میں سب سے پہلے ہندو کے نظریے پر کام کررہے ہیں۔

چٹاگانگ پولیس حکام کا بتانا ہے کہ احتجاج کے دوران فائرنگ سے زخمی ہونے والے 8 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے 4 دورانِ علاج چل بسے۔

مزید خبریں :