27 مارچ ، 2021
دادو کے علاقے غلام محمد لاشاری میں کتے کے کاٹنے سے 3 سال کا بچہ انتقال کرگیا۔
پولیس کے مطابق کتےکےکاٹنے کا واقعہ 3 روز قبل پیش آیا تھا جو کہ آج انتقال کرگیا۔
پولیس کا کہنا ہےکہ واہی پاندھی اور گردونواح میں پاگل کتوں نے گھروں میں سوئے افراد پر حملہ کیا تھا،3 روز قبل پاگل کتےکےکاٹنے سے خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہوئے تھے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق بچے کو 24 مارچ کو ویکسین لگائی گئی تھی، ویکسین لگانے کے بعد بچے کو گھر بھیج دیا گیا تھا، بچے کو مزید 3 ویکسین اور لگائی جانی تھی،دوسری ویکسین 27 مارچ کو لگانا تھی،لیکن بچے کی موت ہوگئی۔
دوسری جانب اہل علاقہ کا کہنا ہےکہ بچے کی حالت بگڑنے پر والدین اسے علاج کے لیے کسی اور جگہ لےگئے تھے۔
خیال رہےکہ سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے آوارہ کتوں کے کاٹنے سے متعلق کیس کی سماعت میں حکم دیا تھا کہ جہاں کتےکےکاٹنے کا واقعہ ہوا اس علاقے کا ایم پی اے معطل ہوگا۔
گذشتہ دنوں کتوں کےکاٹنے کے بڑھتے واقعات پر عدالت فریال تالپور سمیت 2 ایم پی ایز کی رکنیت معطل کرنے کا حکم دے چکی ہے۔