18 مارچ ، 2021
سکھر: سندھ ہائیکورٹ سکھر بینچ نے کتوں کے کاٹنے کے بڑھتے واقعات پر فریال تالپور سمیت 2 ایم پی ایز کی رکنیت معطل کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے اپنے حکم میں کہا ہےکہ ایم پی اے رتو ڈیرو اور جامشورو کی رکنیت معطل کی جائے اور الیکشن کمیشن ان اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل کرنے کا حکم جاری کرے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ارکان اسمبلی حلقے کے لوگوں کوسہولتیں فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں، دیگر اضلاع میں بھی ممبر سندھ اسمبلی کی رکنیت معطل کی جا سکتی ہے۔
اس کے علاوہ عدالت نے سیکرٹری سندھ اسمبلی سے عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے پر وضاحت طلب کرلی۔
رتو ڈیرو سے آصف علی زرداری کی بہن فریال تالپور رکن اسمبلی ہیں جب کہ جامشورو سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گیان چند اور ملک سکندر رکن اسمبلی ہیں۔
واضح رہےکہ سندھ ہائیکورٹ سکھر بینچ نے کتوں کے کاٹنے کے واقعات پر ارکان اسمبلی کو معطل کرنے کا حکم دیا تھا جب کہ 2 روز قبل مقدمے کی سماعت کے بعد سندھ ہائیکورٹ سکھر بینچ نے تحریری فیصلہ جاری کیا ہے۔