روسی ویکسین کی مقررہ قیمت سے زیادہ وصولی کی شکایت موصول ہوئی ہیں، ٹرانسپرنسی کا خط

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پاکستان  نے روس کی کورونا ویکسین کی قیمت کے معاملے پر وفاقی حکومت کو ایک اورخط لکھ دیا۔

خط میں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پاکستان کا کہنا ہے کہ روسی ویکسین اسپوٹنک V کی مقررہ قیمت سےزیادہ وصولی کی شکایت موصول ہوئی ہے۔

خط کے متن کے مطابق نجی کمپنی مقررہ قیمت سےزیادہ وصول کررہی ہے، نجی کمپنی ویکسین اسپوٹنک V کی 50ہزارخوراکیں درآمد کررہی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ نجی کمپنی نے ویکسین سرکاری اورنجی اسپتالوں کو فروخت کرنےکا اعلان کررکھا ہے لہٰذا اندیشہ ہے کہ نجی کمپنی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو3 گنا تک زیادہ قیمت پرویکسین فروخت کرےگی۔

خط میں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ قومی خزانےکو اس خریداری سے بھاری نقصان اٹھانا پڑے گا۔

خط کے متن کے مطابق ویکسین اسپوٹنک V کی دوخوراکوں کی قیمت25 کی بجائے 54 ڈالر مقررکی گئی ہے، حکومت نے ویکسین کی خریداری کیلئے 25 کروڑ ڈالر مختص کیے ہیں  اور ویکسین کی 54  ڈالرپرخریداری سے قومی خزانےکوبھاری نقصان کا اندیشہ ہے۔

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے خط کی کاپی سپریم کورٹ اور قومی احتساب بیورو (نیب) کو بھی بھجوا دی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان میں کورونا ویکسین کی نجی اداروں کے ذریعے درآمد اور فروخت کے معاملے پر ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی وائس چیئرپرسن جسٹس(ر) ناصرہ جاوید اقبال نے وزیراعظم کو خط لکھا تھا۔

مزید خبریں :