Time 04 اپریل ، 2021
پاکستان

پاکستان نے برطانیہ کو سفری پابندی والے ملکوں کی فہرست سے نکال دیا

پاکستان نے برطانیہ کو سفری پابندی والے ملکوں کی فہرست سے نکال دیا۔

حکومت کی نئی ہدایت کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے بعد برطانیہ سے پاکستان آنے والے مسافروں کی مشکلات ختم ہوجائیں گی۔

نوٹیفکیشن  کے تحت برطانیہ کو پابندی والے ملکوں کی فہرست سی کیٹگری سے نکال کر کیٹگری بی میں شامل کیا گیا ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بین الاقوامی پروازوں اور چارٹرڈ فلائٹس کے لیے نئی ایس او پیز جاری کردی ہیں، نئی ایس او پیز میں کیٹگری سی میں شامل ملکوں کی نئی فہرست جاری کی گئی ہے،کیٹگری سی میں شامل ملکوں کے مسافر پاکستان کاسفر نہیں کرسکتے۔

کیٹگری سی میں جنوبی افریقا،کولمبیا، زمبابوے، گھانا سمیت 22 ملکوں کو شامل کیا گیا ہے۔

کیٹگری بی میں شامل ملکوں سے آنے والے مسافروں کو پاکستان آنے سے 72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا  اور اب برطانیہ کو بھی کیٹگری بی میں شامل کرلیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نئی ایس او پیز 6 تا 20 اپریل تک قابل عمل ہوں گی۔

دوسری جانب برطانیہ نے ایک روز قبل ہی پاکستان کو ریڈلسٹ میں شامل کرکے سفری پابندی لگائی تھی ۔

پورٹ کے مطابق سفری پابندیوں کی ریڈلسٹ میں شامل ممالک سے صرف برطانوی اور آئرش شہریوں کو ملک میں داخلے کی اجازت ہو گی، ریڈلسٹ میں شامل ممالک سے برطانیہ آنے والے برطانوی شہریوں کو 10 دن قرنطینہ کرنا ہو گا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ریڈلسٹ میں شامل ممالک سے برطانیہ آنے والوں پر پابندی کا اطلاق 9 اپریل سے ہو گا۔

مزید خبریں :