فیفا کی جانب سے قبضہ گروپ کیخلاف انفرادی کارروائی بھی ہوگی، نارملائزیشن کمیٹی

اب بھی معاملات کے غیر مشروط حل کیلئے کوشاں ہے تاکہ ملک میں فٹبال کی سرگرمیاں بحال کی جاسکے، نارملائزیشن کمیٹی کا بیان— فوٹو:فائل 

فیفا کی جانب سے پاکستان کی معطلی کے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) میں مقرر کردہ نارملائزیشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ چند لوگو ں کے عمل کی وجہ سے پوری فٹبال کمیونٹی کا نقصان ہورہا ہے، نارملائزیشن کمیٹی اب بھی معاملات کے غیر مشروط حل کیلئے کوشاں ہے۔

فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے دفاتر پر اشفاق گروپ کے قبضے اور نارملائزیشن کمیٹی کی دفاتر سے بے خلی کے بعد پاکستان کی رکنیت معطل کردی ہے اور کہا ہے کہ جب تک نارملائزیشن کمیٹی کو اختیارات واپس نہیں دیے جاتے پی ایف ایف معطل رہے گی۔

معطلی کے بعد فیفا کی مقرر کردہ پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی نے ایک بیان میں کہا کہ چند لوگوں کے عمل کی وجہ سے پاکستان میں فٹبال کی پوری کمیونٹی جس میں کھلاڑی، کوچز، ریفریز اور دیگر افراد شامل ہیں، کو متاثر ہونا پڑ رہا ہے۔

کمیٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نارملائزیشن کمیٹی فٹبال کے تمام شراکت داروں کے ساتھ کھڑی ہے اور اب بھی معاملات کے غیر مشروط حل کیلئے کوشاں ہے تاکہ ملک میں فٹبال کی سرگرمیاں بحال کی جاسکے۔

بدھ کو جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فیفا کی جانب سے پی ایف ایف کی معطلی کے بعد اب ان افراد کیخلاف بھی انفرادی کارروائی ہوگی جو پی ایف ایف ہاؤس پر غیر قانونی قبضے میں ملوث ہیں۔

نارملائزیشن کمیٹی نے اس بات کو دہرایا کہ پاکستان فٹبال کی بحالی صرف اس وقت ہی ممکن ہے جب اشفاق گروپ پی ایف ایف کا کنٹرول این سی کے حوالے کرے اور این سی کو اپنا کام بلاکسی رکاوٹ کے مکمل کرنے دیا جائے۔

مزید خبریں :