09 اپریل ، 2021
اداکارہ میرا کے سسر راجہ پرویز نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے بیٹے اور میرا کے شوہر کیپٹن نوید نے 50 ہزار ڈالر کی گارنٹی کے عوض میرا کو اسپتال سے فارغ کرایا۔
جیونیوز کے مطابق میرا کو امریکی ڈاکٹر سے بدتمیزی، پروٹوکول کے ناجائز مطالبات، دھمکی آمیز اور غیرمتوازن گفتگو پرلانگ آئی لینڈ نیویارک کے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا تاہم اب میرا کو شوہرکیپٹن نوید کی گارنٹی کے بعد اسپتال سے ہوٹل منتقل کردیا گیا ہے۔
میرا کے سسر راجہ پرویز کا کہنا ہے کہ میرا کا آج امریکا سے پاکستان کے لیے روانگی کا امکان ہے اور وہ اگلے 48 گھنٹوں میں امریکا چھوڑ دیں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اداکارہ میرا جیو نیوز سے گفتگو کے دوران امریکا میں پاگل خانے منتقل کیے جانے کے والدہ کے دعوے کی تردید کرچکی ہیں۔
میرا کا کہنا تھا کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں اور والدہ نےبیان ذہنی دباؤ میں دیا۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر میرا کی والدہ کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹی کو کسی نے امریکا کے مینٹل اسپتال میں داخل کرادیا ہے۔