09 اپریل ، 2021
چینی سٹہ مافیا اور جے ڈی ڈبلیو کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے جس کے نتیجے میں جہانگیر ترین اور ان کے خاندان کے 36 اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق 9 سرکاری اور نجی بینکوں نے جہانگیر ترین اور ان کے خاندان کے 36 اکاؤنٹس منجمد کر دیے ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اکاؤنٹس ایف آئی اے لاہور کی درخواست پر منجمد کیے گئے ہیں، اکاؤنٹس جہانگیر ترین گروپس کی مبینہ منی لانڈرنگ، غیر قانونی شیئرز کی خرید و فروخت، فراڈ اور سٹہ مافیا سے تعلق ہونے پر منجمد کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین اور ان کے خاندان کے 4 امریکی ڈالرز، دو برطانوی پاؤنڈز اور 30 پاکستانی کرنسی کے اکاؤنٹس منجمد کیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جو اکاؤنٹس منجمد کیے گئے ان میں علی ترین کے 21، جہانگیر ترین کے 14 اور ان کی اہلیہ آمنہ ترین کا ایک اکاؤنٹ شامل ہے۔
ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ منجمد اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے کی رقم موجود ہے۔