12 اپریل ، 2021
محکمہ صحت پنجاب نے کورونا کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث لاہور سمیت7 اضلاع کے سرکاری اسپتالوں میں 4 شعبوں کی اوپی ڈیز بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سیکرٹری صحت پنجاب کے مطابق لاہور، گوجرانوالا، گجرات، سیالکوٹ، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان کے اسپتالوں میں 4 شعبوں کی اوپی ڈیز بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو 20 اپریل تک بند رہیں گے۔
سیکرٹری صحت نے بتایا کہ ای این ٹی، ڈرماٹالوجی، ڈینٹسٹری اور آپتھامالوجی کی او پی ڈیز بند رکھی جائیں گی جب کہ دیگر شعبوں کی او پی ڈیز کھلی رہیں گی۔
دوسری جانب پنجاب کےسرکاری اور نجی میڈیکل کالجز اور نرسنگ اسکولز 12اپریل سے 10دن کے لیے بند کردیے گئے ہیں ہیں تاہم ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے امتحانات شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔