Time 13 اپریل ، 2021
پاکستان

اسلام آباد اورکراچی سمیت پنجاب کے بعض شہروں میں سڑکیں ٹریفک کیلئے بند

اسلام  آباد اور کراچی سمیت پنجاب کے بعض شہروں میں سڑکیں ٹریفک کے لیے بند ہیں جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

کراچی ٹریفک پولیس کا کہنا ہےکہ اورنگی ٹاؤن، حب ریور روڈ، اسٹار گیٹ، بلدیہ ٹاؤن اور کورنگی ڈھائی نمبر میں بھی سڑکیں بند ہیں،  کورنگی ڈھائی سے تین نمبر  اور کورنگی ڈیڑھ نمبرپر جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق  بلاک راستوں کے مقامات سے متبادل راستے فراہم کیے جارہے ہیں اور شہر کے بیشتر مقامات پر ٹریفک معمول کے مطابق ہے جب کہ شارع فیصل اسٹارگیٹ پر دونوں ٹریک پر ٹریفک بحال ہے،  ملیر سے  ائیرپورٹ آنے اور جانے والا روڈ ٹریفک کے لیے کھلا ہے۔

ٹریفک پولیس کا بتانا ہےکہ حسن اسکوائرپل کےنیچے سڑک ٹریفک کے لیے کھول دی گئی اور  یونیورسٹی روڈ پر بھی ٹریفک بحال ہے جب کہ  ٹاورچوک پرسڑک کھول دی گئی ہے۔ 

لاہور کی صورتحال

دوسری جانب لاہور میں  شاہدرہ چوک اور  ٹھوکرنیازبیگ کو ٹریفک کےلیےکھول دیا گیا ہے جب کہ بھٹہ چوک،شنگھائی فلائی  اوور اور چوہنگ میں مراکہ کے مقام پر سڑک ٹریفک کے لیے بند ہے۔

اس کے علاوہ ٹھوکرنیازبیگ پرراستہ کلیئر ہونےکے باوجودگاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں اور ٹریفک انتہائی سست روی کا شکار ہے۔

گزشتہ روز شہر میں بدترین ٹریفک جام کی وجہ سے ٹھوکرنیاز بیگ پرلوگوں نےرات گاڑیوں میں سو کرگزاری۔

اسلام آباد کی صورتحال

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 5 مقامات بند ہیں جن میں ڈھوکڑی چوک، راول ڈیم چوک، بارہ کہو روڈ، راوت کراس اور ترنول شامل ہیں جب کہ اسلام آباد سے اسٹیڈیم روڈ جانے والا راستہ بھی کنٹینر لگاکر بند کیا گیا ہے۔

 فیض آباد انٹرچینج پر رینجرز، ایف سی اورپولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے جب کہ  انتظامیہ نے مری روڈ کنٹینرلگا کربند کردیا ہے، فیض آباد اور گردونواح میں موبائل سروس بھی معطل کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ راولپنڈی میں اٹھال چوک اور لیاقت باغ میں سڑک ٹریفک کے لیے بند ہے۔

بہاولپور بائی پاس دوسرے روز بھی بند

مذہبی جماعت کےکارکنوں کے احتجاج کے باعث دریائے ستلج پل پر ٹریفک جام ہے ، ڈی جی خان میں مذہبی جماعت کے کارکنوں کا غازی گھاٹ کے مقام پر احتجاج جاری ہے۔

ملتان میں بہاولپور بائی پاس دوسرے روز بھی ٹریفک کے لیے بند ہے جس سے مسافر پریشان ہیں  جب کہ خانیوال میں لاہور موڑپرٹریفک کل دوپہر 3 بجے سے بند ہے جس سے گاڑیوں کی قطاریں لگی ہوئی ہیں اور مسافر شدید پریشان ہیں۔

فیصل آباد پولیس کے مطابق ضلع بھر میں مذہبی جماعت کےاحتجاج ختم ہوگئے جس کے بعد تمام سڑکوں پر ٹریفک بحال ہے جب کہ موٹروے اور اطرف کے راستے بھی کھلے ہیں۔

فیصل آباد کے چوک گھنٹہ گھر پر مذہبی جماعت کے کارکنان کے احتجاج کے باعث بازاروں میں دکانیں بند ہیں۔

بہاولنگر میں ستلج پل بھوکلاں والا پتن پر دوبارہ دھرنا دیا جارہا ہے جس کے باعث مین ہائی وےٹریفک کے لیے بند ہے۔

خضدار میں کراچی کوئٹہ قومی شاہراہ سنی کے مقام پر ٹریفک کے لیے بند ہے جس سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

ادھر کوٹلی آزاد کشمیر میں  راولپنڈی، میرپور اورلاہور جانے والی مرکزی شاہراہیں بدستوربند ہیں جس سے مسافرپریشان ہیں، کوٹلی میں گلہارکے مقام پر مین شاہراہ پر روڈ بلاک ہے۔


مزید خبریں :