14 اپریل ، 2021
پاکستان نے جنوبی افریقا کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں شاندار شکست دی وہیں میچ میں بابراعظم اور محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کرکےکئی ریکارڈز اپنےنام کرلیے۔
جنوبی افریقاکےخلاف سنچورین میں پاکستان نے جنوبی افریقا کے 203 رنز کے جواب میں 18 اوورز میں 205 رنز بنائے، یہ ایک وکٹ پر 205 رنز پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سب سے اچھا اسکور ہے،اس سے قبل پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 وکٹ پر 205 رنز بنائے تھے۔
میچ میں بابراعظم نے197رنزکی شراکت قائم کی جو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی جانب سے کسی بھی وکٹ پر سب سے بڑی شراکت ہے، اس سے قبل محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے 2013 میں 143 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔
یہ ہدف کے تعاقب میں بھی کسی بھی ٹیم کی جانب سے سب سے بڑی شراکت ہے، اس سے قبل نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل اور کین ویلیمسن نے پاکستان کیخلاف 171 رنز کی شراکت 2016 میں بنائی تھی۔
یہ جنوبی افریقا کیخلاف بھی دنیا کے کسی بھی پیئر کی سب سے بڑی شراکت ہے۔
میچ میں بابراعظم نے 122رنز کی انفرادی اننگز کھیلی جو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی سب سے بڑی اننگز ہے، یہ جنوبی افریقا کیخلاف بھی مختصر ترین فارمیٹ میں سب سے بڑی اننگز ہے جب کہ رن چیز میں یہ دوسری بڑی اننگ ہے، ویسٹ انڈیز کے ایون لوئس 125 رنز کے ساتھ اس فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں۔
یہ بابر کے کیرئیر کی اڑتالیسویں اننگ تھی جس میں 122 رنز بناکر بابر کے ٹی ٹوئنٹی کیرئیر میں مجموعی رنزکی تعداد 1916 ہوگئی ہے جو کسی بھی بیٹسمین کے ابتدائی 48 اننگز کے بعد سب سے زیادہ مجموعی رنز ہیں، بھارت کے ویرات کوہلی نے 48 اننگز کے بعد 1852 رنز بنائے تھے۔
وکٹ کیپر محمد رضوان نے میچ میں 73 رنز کی اننگز کھیلی، یہ ان کی رن چیز میں تیسری نصف سنچری تھی جو کسی بھی پاکستانی وکٹ کیپر بیٹسمین کی دوسری اننگز میں بیٹنگ کرتے ہوئے سب سے زیادہ نصف سنچریاں ہیں۔