دنیا
Time 14 اپریل ، 2021

وقت آگیا ہے کہ امریکی افواج کو افغانستان سے گھر واپس لایا جائے، امریکی وزیرخارجہ

امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے امریکی افواج کو افغانستان سے گھر واپس لایا جائے۔

امریکی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ صدربائیڈن امریکی افواج کی واپسی سے متعلق جلد گفتگو کریں گے جبکہ ہم نے افغانستان میں اپنے اہداف حاصل کر لیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ امریکی افواج کو افغانستان سے واپس لایا جائے۔

امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ اگلے چند ہفتوں اور مہینوں میں امریکا نیٹو کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔

خیال رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے رواں سال 11 ستمبر تک افغانستان سے تمام امریکی افواج نکالنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا اعلان آج متوقع ہے۔

دوسری جانب طالبان اور امریکا معاہدے کے مطابق امریکی افواج کو یکم مئی سے پہلے افغانستان سے نکلنا ہے جبکہ گزشتہ دنوں امریکی صدر نے یکم مئی تک فوجیوں کا انخلا مشکل قرار دیا تھا۔

وہیں افغان طالبان نے معاہدے کے تحت انخلا نہ ہونے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی دے رکھی ہے۔

افغانستان میں 2500 سے زائد امریکی فوجی موجود ہیں، وائٹ ہاؤس کی جانب سے خبر پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

مزید خبریں :