دنیا
Time 14 اپریل ، 2021

بائیڈن نے یکم مئی سے افغانستان سے امریکی افواج کے انخلاء کا اعلان کردیا

فوٹو: سی این این

 امریکی صدربائیڈن نے افغانستان سے امریکی افواج کے مکمل انحلاءکا اعلان کردیا۔

بائیڈن نے افغانستان سے امریکی افواج کے انحلاء کا اعلان کرتے ہوئےکہا کہ وقت آگیا ہےکہ امریکا کی سب سے طویل جنگ کا خاتمہ کیاجائے اور  امریکی فوج کو افغانستان سے واپس بلایا جائے۔

امریکی صدر نے اعلان کیا کہ یکم مئی سے امریکی افواج کا انحلاء شروع ہوجائےگا اور انحلاء کا یہ عمل 11 ستمبر کو ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملےکے 20 سال مکمل ہونے پر پورا ہوجائےگا۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے فوج نکالنے کے بعد بھی دہشت گردوں پر نظر رکھی جائے گی۔

بائیڈن کا کہنا تھا کہ ہم افغان امن مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں،افغان امن عمل میں پاکستان، روس ،چین کاکردار اہم ہے، پاکستان افغانستان کی مدد کے لیے مزید اقدامات کرے ۔

خیال رہے کہ امریکا طالبان معاہدے کے مطابق امریکی افواج کو افغانستان سے مئی تک نکلنا تھا تاہم امریکی افواج کے انحلاء میں 4 ماہ کی تاخیر کی جارہی ہے۔

افغان طالبان نے معاہدے کے مطابق انخلاء نہ ہونے کی صورت میں نتائج کی دھمکی دے رکھی ہے، افغانستان میں 2500 سے زائد امریکی فوجی موجود ہیں۔

مزید خبریں :