Time 15 اپریل ، 2021
کھیل

رضوان نے روزہ رکھ کر میچ کھیلا، کریڈٹ اسے جاتا ہے: بابراعظم

تیسرے ٹی 20 میں بابر اعظم نے 122 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ محمد رضوان 73 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے

سینچورین: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ گزشتہ روز جنوبی افریقاکے خلاف جیت کا کریڈٹ محمد رضوان کو جاتا ہے کیونکہ روزہ رکھ کر میچ کھیلنا مشکل ہوتا ہے۔

پاکستان نے گزشتہ روز سینچورین کے سپر اسپورٹس پارک میں کھیلے گئے تیسرے ٹی20 میں جنوبی افریقا کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی ۔ میچ میں بابر اعظم نے 122 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ محمد رضوان 73 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ فتح کا رضوان کو کریڈٹ جاتا ہے کیونکہ روزہ رکھ کر میچ کھیلنامشکل ہوتا ہے،رضوان نے جیسی اننگز اور پورا میچ کھیلا قابل تعریف ہے۔

بابر اعظم کے مطابق تیسرے میچ میں جیت اہم تھی کیونکہ دوسرا ٹی ٹونٹی اچھا نہیں کھیلے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہوتی ہے اپنے پلان پر عمل کریں اور یہ کہ وہ اس اننگز کی کافی عرصے سے کوشش کررہے تھے۔

کپتان پاکستان ٹیم نے کہا کہ انہیں افسوس ہے کہ وہ آخر میں آؤٹ ہوگئے اور ریکارڈ نہ بن سکا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بابر اعظم فخر زمان کی جگہ خود اوپننگ کے لیے آئے۔

اس حوالے سے بابر کا کہنا تھا کہ فخر نے اوپننگ کیلئے نہیں کہا ٹیم پلان پر ہی عمل کیا،ان کی فخر زمان سے بات ہوئی کہ وہ نیچے آکر تیز کھیل سکتا ہے۔

مزید خبریں :