پاکستان
Time 16 اپریل ، 2021

شہزاد اکبر یہ نہ کہہ دیں کہ 47 کے ریونیو ریکارڈ میں پاکستان کا نام نہیں، رانا ثنا

پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب و داخلہ مرزا شہزاد اکبر کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ ڈر ہے شہزاد اکبر یہ نہ کہہ دیں کہ سن 47 کے ریونیو ریکارڈ میں پاکستان کا نام نہیں۔

رانا ثنا اللہ نے چیف سیکرٹری پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ریڈ لائن کراس نہ کریں، کل کو آپ کو جواب دینا ہوگا، ریاست کے ملازم بنیں۔

ان کا کہنا تھاکہ سلیکٹڈ ٹولے کے ہتھیار نہ بنیں، آئندہ اس قسم کا غیرقانونی عمل برداشت نہیں کیا جائے گا، بھرپور مزاحمت کریں گے اور نقصان کی ذمہ داری سلیکٹڈ حکومت کے احکامات پر عملدرآمد کرنیوالوں پر ہوگی۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ پچھلے تین دن سے پورا ملک جام تھا، ہر مرکزی شاہراہ بلاک تھی، لوگ سڑکوں پر دھکے کھارہے تھے اور ایمبولینسز میں مریض مررہے تھے لیکن وزیراعظم کو اس کی کوئی فکر نہیں تھی اور انہی تین دنوں میں شریف خاندان کی اراضی کی رجسٹری کو توڑا گیا۔

مشیر داخلہ کے حوالے لیگی رہنما کا کہنا تھاکہ مجھے تو یہ خطرہ ہے کہ آپ 10، 12 سال مزید پیچھے چلے گئے تو آپ یہ نہ کہہ دیں 47 سے پہلے جو جو ریونیو ریکارڈ ہے اس میں کسی جگہ پاکستان کا نام ہی نہیں ہے اور پاکستان کی الاٹمنٹ کے اوپر ہی آپ سوال اٹھا دیں۔

مزید خبریں :