20 اپریل ، 2021
لاہور ہائیکورٹ نے رمضان بازاروں میں چینی کے خریداروں کی لمبی قطاروں کا نوٹس لیتے ہوئے کل تک قطاریں ختم کرانے کا حکم دے دیا۔
چینی کی قیمت سے متعلق درخواست پر سماعت کرتےہوئے جسٹس شاہد جمیل نے استفسار کیا کہ رمضان بازاروں میں لمبی قطاروں کیوں ہیں؟ عام دکاندار سے چینی 85 روپے کلو کیوں نہیں مل رہی ہے؟
سرکاری وکیل نے کہاکہ 85 روپے کلو مل رہی ہے، عدالت نے کہاکہ میڈیا پر خبریں آپ کے بیان کے خلاف ہیں، اگر بات مختلف ہوئی تو توہین عدالت کی کارروائی کیلئے تیار رہیں۔
اس پر سرکاری وکیل نے کہا کہ دکانوں پر چینی 85 روپے کلو اور رمضان بازاروں میں 65روپے کلومل رہی ہے۔ اس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ نے 15روپے کے پیچھے لوگوں کو بھکاری بنا دیا۔
سرکاری وکیل کا کہنا تھاکہ لوگوں کو کرسیوں پر بٹھا کر چینی دی جارہی ہے۔ اس پر عدالت نے حکم دیا کہ حلف نامہ جمع کروائیں کہ چینی کیلئے قطاریں نہیں لگیں گی۔
سرکاری وکیل کا مؤقف تھاکہ عدالتی حکم پر ایکشن لے چکے ہیں، جو ڈیلر رجسٹر نہیں، اسے چینی نہیں ملے گی۔
عدالت نے چینی کے خریداروں کے بارے میں تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔