22 اپریل ، 2021
کوئٹہ کے نجی ہوٹل کی پارکنگ میں ہوئے خود کش دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں، یہ دھماکا 5 افراد کی جان لے گیا جن میں دو گہرے دوست شاہ زیب اور ایمل کاسی بھی شامل تھے۔
بدھ کی رات کوئٹہ کے مقامی ہوٹل میں خودکش دھماکے کی تحقیقات کےحوالےسے کرائم سین کو سیل کرکے شواہد اکٹھا کرنے کا معمول کا عمل جاری ہے۔
دہشت گردی کے اس اندوہناک واقعے میں جاں بحق افراد میں دو گہرے دوست ایمل کاسی اور شاہ زیب بھی شامل تھے۔
ایک سرکاری محکمے میں ملازم ایمل ہوٹل میں شفٹ منیجر شاہ زیب سے ملنے کےلیے ہوٹل آئے تھے کہ دھماکے کانشانہ بن کر دونوں ایک ساتھ ہی سفر آخرت پر روانہ ہوگئے۔
ایمل کی عیدالفطر کے بعد شادی بھی تھی۔ ہوٹل کے شفٹ منیجر شاہ زیب اور ایمل کاسی کی نمازِ جنازہ کاسی قبرستان میں اداکی گئی۔۔ نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد دونوں افراد کاسی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔