23 اپریل ، 2021
بالی وڈ کے معروف موسیقار شراون راٹھوڑ کورونا کے باعث انتقال کرگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شراون راٹھوڑ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور چار دن قبل انہیں ممبئی کے مقامی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ شراون راٹھوڑ کا انتقال گزشتہ رات ہوا، طبی عملے کی جانب سے ان کی جان بچانے کی پوری کوشش کی گئی تاہم کورونا سے ہونے والی پیچیدگیوں کے سبب وہ جانبر نہ ہوسکے۔
کچھ روز قبل موسیقار کے صاحبزادے سنجیو نے والد کے وینٹی لیٹر پر ہونے کی اطلاع دیتے ہوئے مداحوں سے ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی درخواست کی تھی۔
بالی وڈ شخصیات نے موسیقار کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے انڈسٹری کا ایک بڑا نقصان قرار دیا ہے۔
خیال رہے کہ ندیم اور شراون کی جوڑی بالی وڈ کی کامیاب ترین موسیقار جوڑی تصور کی جاتی ہے اور انہوں نے شاندار میوزک کمپوز کیا ہے جب کہ ان کی معروف فلموں میں عاشقی، دل ہے کہ مانتا نہیں، سڑک، راجہ ہندوستان، ہاں میں نے بھی پیار کیا ہے جیسی فلمیں شامل ہیں۔