23 اپریل ، 2021
معروف بالی وڈ گلوکار ادت نارائن نے انکشاف کیا ہے کہ کنبھ میلے میں شرکت موسیقار شرون راٹھور کی موت کی وجہ بنی۔
گزشتہ روز شرون راٹھور کورونا کے باعث ممبئی کے مقامی اسپتال میں چل بسے تھے، وہ 90 کی دہائی کے سپر ہٹ گانوں کے میوزک ڈائریکٹر تھے۔
اب ان کی موت کے حوالے سے گلوکار ادت نارائن نے حیران کن انکشاف کیا اور کہا کہ شرون کی موت کی وجہ کنبھ میلے میں شرکت بنی۔
انہوں نے بتایا کہ 2 ہفتے قبل میں نے اچانک شرون کو کال کی تو انہوں نے بتایا کہ وہ اہلیہ کے ہمراہ کنبھ میلے میں موجود ہیں، اس پر میں حیران رہ گیا کیونکہ وہ شوگر اور بلڈپریشر کی مریض تھے، کاش وہ یہ خطرہ مول نہ لیتے۔
انہوں نے بتایا کہ میلے سے واپسی پر وہ کورونا کا شکار ہوگئے، ان کی اہلیہ اور بیٹا بھی وائرس میں مبتلا ہیں، موجودہ صورتحال میں کنبھ میلے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے تھی۔
خیال رہے کہ موسیقار کا بیٹا بھی انکشاف کرچکا ہے کہ والد اور والدہ کنبھ میلے میں شرکت کے باعث کورونا کا شکار ہوئے جبکہ ایک بھائی بھی آئسولیشن میں ہے۔
کنبھ میلے کے انعقاد پر بھارتی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا جبکہ میلے میں شریک سیکڑوں یاتریوں میں بھی وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔