24 اپریل ، 2021
دنیا بھر میں مختلف کمپنیز اور فوڈ چینز کی جانب سے مختلف مواقع پر ڈیلز متعارف کروائی جاتی ہیں جس سے صارفین بھرپور فائدہ بھی اٹھاتے ہیں۔
پاکستان میں بھی کھانے پینے اور دیگر اشیا کے شوقین حضرات ہر وقت ڈیل کے انتظار میں رہتے ہیں لیکن آج ہم آپ کو بتائیں گے کراچی میں ایک خاتون صارف کی جانب سے حاصل کی گئی رمضان ڈیل کے بارے میں جسے سن کر آپ بھی حیران رہ جائیں گے۔
کراچی میں واقع ایک مشہور بین الاقوامی فوڈ چین کی جانب سے ایک بینک کے اے ٹی ایم کارڈ پر ڈیل متعارف کروائی گئی جس کے تحت ایک صارف ایک دن میں 550 روپے کے ذریعے 4 زنگر برگر حاصل کر سکتا ہے اور ایک کارڈ پر 24 گھنٹے میں دو مرتبہ ڈیل سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔
تو جناب جب کراچی کی خاتون کو اس ڈیل کے بارے میں معلوم ہوا تو وہ فوراً ایک دو نہیں پورے 26 اے ٹی ایم کارڈ لیکر کراچی کے علاقے خیابان شہباز میں واقع فوڈ چین پہنچ گئیں اور ہر کارڈ کے عوض دو ڈیلز آرڈر کر ڈالیں۔
فوڈ چین کے مینیجر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ خاتون کو برگر دینا تو ہماری مجبوری تھی کیونکہ کمپنی نے یہ ڈیل متعارف کروا رکھی تھی لیکن اس سے بھی دلچسپ بات یہ تھی کہ خاتون کو تمام کارڈز کے پن کوڈز بھی یاد تھے یا پھر انہوں نے پن کوڈذ اپنے موبائل میں سیو کر رکھے تھے۔
بین الاقوامی فوڈ چین کے مینیجر نے بتایا کہ خاتون نے 26800 روپے کا بل ادا کیا اور 208 برگر لیکر چلی گئیں۔