25 اپریل ، 2021
لاہور : کورونا کی تیسری لہرمیں بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر لاک ڈاؤن میں 17 مئی تک توسیع کردی گئی۔
کیبنٹ کمیٹی برائےکورونا کی سفارشات پر لاک ڈاؤن کی مدت میں اضافہ کیا گیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
24 اپریل سے لگایا جانے والا لاک ڈاؤن 17 مئی تک نافذالعمل رہےگا۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب میں ان ڈورشادیوں اور دیگر تقریبات پر عائد پابندی برقرار رہے گی،کورونا کے 8 فیصد سے زائد شرح والے اضلاع میں انڈور اور آؤٹ ڈور شادی کی تقریبات پرپابندی برقرار رہے گی۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق پنجاب میں کاروباری مراکزشام 6بجے بند کر دیے جائیں گے ، ہفتہ اور اتوار کو مکمل تعطیل ہوگی،سرکاری و نجی دفاتر کا 50 فیصد عملہ گھر سے کام کرنے کا پابند ہو گا،دفاتر کے اوقات صبح 9 سے دوپہر 2 بجے تک محدود ہوں گے،تفریحی پارکس بند، جوگنگ ٹریکس کھلے رہیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سینما ہالز مکمل طور پر بند رہیں گے ، اسپورٹس،ثقافتی تہواراور اجتماعات پر مکمل پابندی عائدہوگی، شہر کے اندر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ 50 فیصد گنجائش کے ساتھ جاری رہے گی ، بین الصوبائی ٹرانسپورٹ ہفتے میں 2 دن مکمل طور پر بند رہے گی۔
میڈیکل اسٹورز ، لیبارٹریاں،اسپتال اور کلینکس کھلے رہیں گے، دودھ دہی ، چکن اور گوشت ، مچھلی کی دکانیں، بیکریاں،جنرل اسٹورزکھلے رہیں گے۔