13 فروری ، 2012
میرپور پہلی بنگلا دیش پریمیر لیگ کے ایک میچ میں باریسال برنرز نے کھلنا رائل بنگالز کو میچ جیتنے کیلئے 126 رنز کا ہدف دیا ہے۔ کھلنا رائل بنگالز کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر باریسال برنرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔باریسال کو ابتداء ہی میں نقصان اٹھانا پڑااور احمد شہزاد شفیع الاسلام کی گیند پر بغیر کو رن بنائے کلین بولڈ ہوگئے، پہلے میچ میں سنچری اسکور کرنے والے کرس گیل بھی شفیع الاسلام کا شکار بنے ، انہوں نے 8 رنز بنائے۔ کھلنا رائل بنگالز کے بالرز کی شاندار بالنگ کے باعث باریسال برنرز کا کوئی بھی کھلاڑی پراعتماد بیٹنگ نہ کرسکا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا ، یو ں باریسال کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 125 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔شفیع الاسلام، شکیب الحسن اور جے سوریا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ دوسرا میچ شام ساڑھے پانچ بجے شروع ہو گا ۔ ایونٹ میں شریک تمام ٹیمیں اب تک دو دو میچز کھیل چکی ہیں جس کے بعد باریسال برنرز اور چٹاگانگ کنگز کے چار، چار جبکہ کھلنا رائل بنگالز اور ڈھاکا گلیڈی ایٹرز کے دو دو پوائنٹس ہیں۔ ڈورنٹو راج شاہی اور سلہٹ رائل ایونٹ میں پہلی کامیابی کی منتظر ہیں۔