27 اپریل ، 2021
جہانگیر ترین گروپ کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی جس میں جہانگیر ترین کے کیسوں سے شہزاد اکبر کو الگ کرنے اور جوڈیشل کمیشن بنانےکا مطالبہ کیا گیا۔
وزيراعظم نے جوڈيشل کمیشن کا مطالبہ مسترد کردیا جبکہ دیگر امور کے لیے وقت مانگ لیا۔
ملاقاتیوں نے دعویٰ کردیا کہ وزیراعظم نے شہزاد اکبر کو ہٹانے سے اتفاق کرلیا ہے اب وہ خود یہ معاملہ دیکھیں گے۔
جہانگیر ترین کے حامی ارکان اسمبلی نے وزیراعظم کی جانب سے تمام مطالبات تسلیم کیے جانے کا دعویٰ کیا ہے۔
رکن قومی اسمبلی راجا ریاض کا کہنا ہے کہ ملاقات میں وزیراعظم نے یقین دلایا ہے کہ ہر صورت انصاف ہوگا ،کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔
نذیر چوہان کہتے ہیں کہ وزیراعظم نے ان کی تمام باتیں مان لیں،شہزاد اکبر سے متعلق تحفظات پر وزیراعظم نے کہا کہ جہانگیر ترین کیس خود مانیٹر کریں گے۔
اسلام آباد میں جہانگیر ترین کے ہم خیال گروپ نے وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کی۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نذیر چوہان نے کہا کہ وزیراعظم نے تفصیل سے ہماری بات سنی، ہم نے وزیراعظم کے سامنے تحفظات رکھے، وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی ہے جہانگیر ترین کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی، ہم نے مطالبہ کیا شہزاد اکبر کی ٹیم سے کیسز لے کر غیر جانبدار ٹیم بنائیں۔
رکن قومی اسمبلی راجا ریاض نے کہا کہ وزیراعظم سے خوشگوار ماحول میں بات ہوئی، وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی ہے انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے، شہزاد اکبر سے متعلق تحفظات وزیراعظم کے سامنے رکھے، وزیراعظم نے کہا معاملہ مجھ پرچھوڑ دیں، کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دوں گا، ہم اپنے کپتان پر اعتماد ہے کہ وہ انصاف کریں گے، راجہ ریاض
وزیراعظم سے ملاقات سے قبل ارکان اسمبلی نے جہانگیر ترین سے ملاقات کی تھی۔ وزیراعظم سے ملاقات میں جہانگیر ترین موجود نہیں تھے۔