27 اپریل ، 2021
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین پی ٹی آئی کے اہم رہنما ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے جہانگیر ترین کے حامی ارکان اسمبلی سے ملاقات میں واضح کردیا کہ ایف آئی اے کو تحقیقات سے نہیں روکا جائے گا،انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ جو پارٹی انصاف اور احتساب کے نام پر وجود میں آئی ہو وہ اپنے اور دوسروں کیلئے انصاف کے دہرے معیار نہیں رکھ سکتی۔
انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کے متعلق کچھ ایم این ایز نے وزیراعظم کو اپنا مؤقف بتایا، جس طرح دیگر لوگوں نے ٹرائل کا سامنا کیا ہے ویسے ہی پارٹی کے لوگوں کو بھی کرنا ہوگا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ جہانگیر ترین پارٹی کے لیے مسئلہ نہیں پیدا کریں گے کیونکہ وہ خود پارٹی کا حصہ ہیں، وزیراعظم کا صاف نظریہ ہے کہ جس پر جو الزام لگے گا اس کو ٹرائل سے گزرنا ہوگا، جہانگیر ترین کی اور وزیراعظم کی ابھی کوئی ملاقات شیڈول نہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ وینٹی لیٹر زسےمتعلق شاید شبلی فراز کو ابھی تک پریزینٹیشن مکمل نہیں ملی، تمام سرٹیفیکیشن کے ذریعے ہی وینٹی لیٹر کا کام چلتا ہے، شبلی فراز کو کمپنیوں سے وینٹی لیٹر سےمتعلق پریزینٹیشن لینی چاہیے، ہمارےپاس وینٹی لیٹرز کی کمی ہوتی تو آج حالات حکومت کے کنٹرول میں نہ ہوتے۔