27 اپریل ، 2021
وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے ہم خیال گروپ نے ان کے مشیر برائے داخلہ و احتساب مرزا شہزاد اکبر کے خلاف چارج شیٹ پیش کی۔
جیو نیوز نے جہانگیر ترین ہم خیال گروپ کی چارج شیٹ کی کاپی حاصل کر لی جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ شہزاد اکبر ایف آئی اے کو جہانگیر ترین کے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔
چارج شیٹ کے متن کے مطابق خسرو بختیار گروپ اور ہارون اختر گروپ کی تمام ملوں کو تحقیقات کا حصہ نہیں بنایا گیا جبکہ اومنی گروپ اور شریف خاندان کی ساری ملوں کو بھی تحقیقات کا حصہ نہیں بنایا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھاکہ جہانگیر ترین سمیت سب مل مالکان ایف آئی اے میں اپنے کیسز کی پیروی کریں جبکہ شہزاد اکبر یقینی بنائیں گے کہ ایف آئی اے کسی کے ساتھ زیادتی نہ کرے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم کی ملاقات کرنے والےارکان اسمبلی کے حلقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔