دنیا
Time 29 اپریل ، 2021

امریکا نے اپنے شہریوں کو جلد از جلد بھارت چھوڑنے کی ہدایت کردی

امریکا نے کورونا وائرس کی حالیہ صورت حال پر اپنے شہریوں کو جلد از جلد بھارت چھوڑنے کی ہدایت کردی۔

امریکہ نے لیول 4 ٹریول ہیلتھ نوٹس جاری کیا ہے جس میں امریکی شہریوں کو بھارت کا سفر کرنے سے منع بھی کیا گیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے ہیلتھ الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں کورونا کیسز اور اموات کے یومیہ ریکارڈ روزانہ کی بنیاد پر ٹوٹ رہے ہیں اور ٹیسٹنگ کی سہولیات بھی محدود ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت میں طبی سامان کی فراہمی کے حوالے سے اسپتالوں میں خوفناک صورتحال ہے، اس کے علاوہ اسپتالوں میں نئے مریضوں کے لیے کوئی بستر نہیں بچا ہے۔

محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں شہریوں کو بھارت جلد از جلد چھوڑنے اور امریکا میں موجود اپنے شہریوں کو بھارت کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

خیال رہےکہ  بھارت میں مسلسل ساتویں روز کورونا کے 3 لاکھ سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 3 لاکھ 79 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ 3600 سے اموات بھی ہوئی ہیں۔

بھارت میں 15 اپریل سے کورونا کے 2 لاکھ کیسز روزانہ رپورٹ ہونا شروع ہوئے اور گزشتہ ایک ہفتے سے روزانہ کی بنیاد پر 3 لاکھ سے زائد کیسز سامنے آرہے ہیں۔

مزید خبریں :