03 مئی ، 2021
لاہور: تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کا کہنا ہےکہ وزیراعظم سے ان کے دوستوں کی ملاقات اچھی رہی اور وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ خود ان معاملات کو دیکھیں گے اور کہا ہےکہ انصاف ہونا چاہیے۔
لاہور کی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ میرا کیس کرمنل نہیں، اس میں ایف آئی اے کا کوئی کردار نہیں ہے کیونکہ یہ بزنس ایشو ہے اس میں پبلک فنڈ کا کوئی استعال نہیں اور نہ کوئی سیکرٹ اکاؤنٹ نہیں لہٰذا امید ہے علی ظفر اچھی طرح دیکھ کر وزیراعظم کو بتائیں گے۔
وزیراعظم سے اپنے ساتھیوں کی ملاقات سے متعلق انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے میرے دوستوں کی ملاقات ہوئی تھی جو اچھی رہی ہے، ہمارے لوگوں نے بھی کھل کر باتیں کیں، جو تحفظات تھے ان سے آگاہ کیا، وزیراعظم نے نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ خود ان معاملات کو دیکھیں گے اور کہا ہےکہ انصاف ہونا چاہیے۔
جہانگیر ترین کا کہنا تھاکہ میرے کیس کی کوئی حقیقت نہیں، سب کو صاف معلوم ہو رہا ہے کہ یہ جو کیس ہو رہے ہیں اس کی بنیاد کچھ اور ہے، ہم تفتیش سے نہیں بھاگتے، ایک سال سے تفتیش ہورہی ہے، ہزاروں نہیں لاکھوں دستاویزات دیے ہیں، میری کمپنی کے لوگوں نے 100 پیشیاں بھگتی ہیں، اس کیس کا کوئی حل نکلے گا جب کہ ہم نے کبھی نہیں کہا کہ کیس ختم کردو، ہم چاہتے ہیں کہ پوری طرح تفتیش ہو تاکہ عوام بھی دیکھیں ہم ٹھیک سرخرو ہوئے ہیں۔
شاہ محمود کے بیان سے متعلق انہوں نے کہا کہ اس پر کوئی بات نہیں کروں گا، یہ ہلکی بات ہے اور ہم لوگوں کو ہلکی بات کرنا زیب نہیں دیتا۔
جہانگیر ترین نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی سے رابطوں کی بھی تردید کی۔