03 مئی ، 2021
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین اور ان کے حامی اراکین اسمبلی نے شوگر اسکینڈل کی تحقیقات کے حوالے سے عید کے بعد اپنا لائحہ عمل طے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین گروپ کے اراکین پارلیمنٹ نے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے نامزد کردہ سینیٹر علی ظفر ایڈوکیٹ کی تحقیقات کا انتظار کیا جائے گا، عید کے بعد ٹکٹ ہولڈرز اور اراکین پارلیمنٹ سے مشاورت کی جائے گی اور پھر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق علی ظفر ایڈووکیٹ کی ترین گروپ کے وکلاء اور اکاؤنٹنٹ سے ملاقات بھی ہوئی ہے جس میں انہوں نے کیس سے متعلق جہانگیر ترین کی ٹیم کا مؤقف سن لیا ہے۔
ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ علی ظفر ایڈووکیٹ ایف آئی اے اور تفتیشی ٹیم سے بھی ملاقات کر چکے ہیں۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ مزید 4 اراکین قومی اسمبلی نے جہانگیر ترین سے رابطہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین کے خلاف آج کیس کی سماعت کے دوران بھی جہانگیر ترین کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ نئی ٹیم کیس کی تحقیقات کر رہی ہے، ہمیں موقع دیا جائے تاکہ ہم تفتیش کا حصہ بنیں۔