03 مئی ، 2021
اب تک ہم بھارتی فلموں میں ہی دیکھتے آئے تھے کہ بھارتی فلم دل دے چکے صنم میں ہیرو اجے دیوگن اپنی اہلیہ ایشوریہ رائے کی شادی اس کے محبوب سے کروانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہوگئے تھے لیکن اب حقیقت میں ایک بھارتی شخص نے اپنی بیوی کی شادی اس کے محبوب سے کروا کر سب کو حیران کر دیاہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست بہار کے شہر بھاگل پور سے تعلق رکھنے والے اتم منڈل اور سپنا کی شادی 2014 میں شادی ہوئی اور جوڑے کے دوبچے بھی ہیں۔
شادی کے کچھ عرصے بعد سپنا کو شوہر کے کم عمر رشتے دار راجو کمار سے محبت ہو گئی اور دونوں نے بھاگنے کا فیصلہ بھی کر لیا۔
تاہم اس محبت کا علم جب سپنا کے شوہر کو ہوا تو پہلے پہل دونوں کئی بار جھگڑے تاہم بعد ازاں سپنا کے اپنی ضد پر اڑے رہنے کے باعث اتم نے بیوی کی محبت کو پانے میں اس کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپنا کے شوہر اتم نے بتایا کہ پہلے پہل تو وہ افسردہ ہوئے تاہم پھر اس مسئلے کا حل نکالنے کا سوچا، اتم کے مطابق اگر وہ ایسا نہ کرتے تو 3 لوگوں کی زندگیاں برباد ہو جاتیں، یہی وہ واحد حل تھا جس کے بعد ہم سب خوش رہ سکتے ہیں۔
کئی سالوں تک اتم اور سپنا کے گھر والے سپنا کو اپنا گھر خراب نہ کرنے اور اتم کے ساتھ رہنے پر مجبور کرتے رہے لیکن اتم کی کوششیں رائیگاں نہیں گئیں اور بالاخر اتم نے گھر والوں کو سپنا کی اس کے محبوب سے شادی میں شرکت کرنے پر رضامند کر لیا۔
تاہم اب تک یہ واضح نہیں ہو سکاہے کہ راجو اور سپنا کی شادی سے قبل اتم سپنا کو طلاق دے چکے تھے یا نہیں، بھارتی میڈیا کے مطابق جوڑے کے دونوں بچے والد کے پاس ہیں کیونکہ سپنا نے بچوں کو اپنے ساتھ رکھنے سے انکار کر دیا تھا۔