Time 03 مئی ، 2021
پاکستان

انتخابی اصلاحات کا بنیاد ی کام اسٹیبلشمنٹ کا الیکشن میں کردار ختم کرنا ہے، بلاول

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری  نےکہا ہےکہ انتخابی اصلاحات کے لیے بنیاد ی کام اسٹیبلشمنٹ کا الیکشن میں کردار ختم کرنا ہے۔

بلاول ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ الیکشن اصلاحات وقت کی ضرورت ہے، الیکشن میں دھاندلی ختم کرنے کے لیے قانون سازی کی بھی ضرورت ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جو بھی انتخابی اصلاحات لانی ہیں ہم ان کے لیے تیار ہیں، الیکشن کمیشن انتخابی اصلاحات سے متعلق کردار اداکرسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن میں اسٹیبلشمنٹ کا کردار ختم کرنا ہی انتخابی اصلاحات کا بنیادی کام ہے، اس کے بغیرکوئی بھی قانون سازی انتخابات کو غیر متنازع نہیں بناسکتی۔

مسلم لیگ ن پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ ن لیگ نے ایک سیٹ ہاری ہے تو چاہ رہی ہے فوج مداخلت کرے، یہ غیر ذمہ دارانہ مطالبہ ہےکہ پولنگ باکسز فوج کے حوالے کیے جائیں، اس سے الیکشنز بھی متنازع ہوتے ہیں اور فوج بھی متنازع ہوتی ہے، البتہ ن لیگ کے پاس اگر کوئی ٹھوس ثبوت ہیں تو الیکشن کمیشن سے رجوع کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2018 کے الیکشن میں ہر پولنگ اسٹیشن پر فوج تعینات تھی، جو تاریخ میں سب سے زیادہ تھی، اسٹیبلشمنٹ کو انتخابی عمل سے دور رکھیں تو فائدہ ہو گا، این اے 249 کے الیکشن میں اسٹیبلشمنٹ کا کوئی کردار نہیں تھا ۔

مزید خبریں :