کھیل
Time 04 مئی ، 2021

آئی پی ایل ملتوی، ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ بھی بھارت سے امارات منتقل ہونے کا امکان

آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے یو اے ای میں انعقاد کیلئے اماراتی بورڈ سے رابطہ کیا ہے، روزنامہ ڈان کی رپورٹ— فوٹو:فائل  

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ملتوی ہونے کے بعد متحدہ عرب امارات انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی میزبانی کا مضبوط امیدوار بن گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی پی ایل ملتوی ہونے کے بعد رواں سال اکتوبر اور نومبر میں ہونے والا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ امارات منتقل ہونے کا امکان ہے۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں نومبر میں کورونا کی تیسری لہر کا امکان ہے جبکہ اس دوران بڑا ایونٹ بھی ہونا ہے جس میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ 

دوسری جانب روزنامہ ڈان کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے یو اے ای میں انعقاد کیلئے اماراتی بورڈ سے رابطہ کیا ہے جبکہ دونوں کے درمیان 80 سے 90 فیصد معاملاے طے پاگئے ہیں۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ آئی سی سی اور بھارتی بورڈ کے درمیان بات چیت آخری مراحل میں ہے اور آئندہ 2 ہفتوں میں میگا ایونٹ کی منتقلی کے باقاعدہ اعلان کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ انڈین پریمیئر لیگ بھارتی بورڈکیلئے ٹیسٹ کیس تھا لیکن لیگ کو کورونا کی وجہ سے ملتوی کرنا پڑا۔

مزید خبریں :