Time 05 مئی ، 2021
دنیا

حجر اسودکے بعد مقام ابراہیؑم کی نایاب تصاویر بھی سامنے آگئیں

حجر اسود کی جدید تکنیک سے لی گئی خوبصورت اور واضح تصاویر منظر عام پر آنے کے بعد مقام ابراہیؑم کی نایاب تصاویر بھی سامنے آگئیں۔

مکہ مکرمہ میں مسجدالحرام کے صحنِ مطاف میں ان تصاویر کو جدید فوٹوگرافی کی مدد سے بنایا گیا ہے۔

حرمین شریفین کی انتظامیہ کی جانب سے ان تصاویر کو سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جاری کیا گیا ہے۔

فوٹو:@ReasahAlharmain

 یہ تصاویر اب حرمین انتظامیہ کے ٹوئٹر اوردیگر اکاؤنٹس سے بھی مقبول ہو رہی ہیں اور انہیں انتہائی پسند کیا جارہا ہے۔

فوٹو:@ReasahAlharmain

خیال رہےکہ مقام ابراہیم خانہ کعبہ کے مشرقی حصے پر وہ مقام ہے جہاں حضرت ابراہیم  علیہ السلام نے ایک پتھر پر کھڑے ہو کر خانہ کعبے کی تعمیر کی تھی اور اس پتھر پر آپؑ  کے قدموں کے نشانات بھی موجود ہیں۔

فوٹو:@ReasahAlharmain

مقام ابراہیم کو ایک سنہرے جنگلے  کے ذریعے محفوظ کیا گیا ہے اور حجاج اور معتمرین خانہ کعبہ کے طواف کے دوران مقام ابراہیم کی زیارت کرتے ہیں۔

مقام ابراہیم کے باہر کا منظر،فوٹو: فائل

رئیس حرمین شریفین کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے مزید تفصیلات بھی جاری کی گئی ہیں جس کے مطابق  مقام ابراہیم کے پتھر پر موجود قدموں کے نشانات کی لمبائی اور چوڑائی 50 سینٹی میٹر ہے۔

رئیس حرمین شریفین کی جانب سے اس پتھر کی فضیلت بیان کرتے ہوئے حدیث رسول ﷺ بیان کی گئی ہے، جس کے مطابق حجر اسود اورمقام ابراہیم جنت کے یاقوتوں میں سے دو یاقوت ہیں، اگر اللہ تعالیٰ نے ان کی چمک اورنورانیت کو ختم نہ کیا ہو تا تو ان کی چمک سے مشرق ومغرب کے درمیان سب کچھ روشن ہوجاتا ۔

جدید تکنیک کی مدد سے مقام ابراہیم کی بنائی گئی اس قدر شفاف تصویریں  پہلی مرتبہ سامنے آئی ہیں۔ 

خیال رہے کہ حرمین شریفین انتظامیہ کی جانب سے حجر اسود کی 49 ہزار میگا پکسل کی حد تک باریکی سے لی گئی تصاویر بھی پیش کی گئی ہیں جنہیں بہت پسند کیا جارہا ہے۔

مزید خبریں :