حکومت پنجاب کا عید پر قیدیوں کیلئے تحائف کا اعلان

فوٹو: فائل

حکومت پنجاب نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر قیدیوں کے لیے تحائف کا اعلان کیا ہے۔

آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کا کہنا ہے کہ پہلی بار قیدیوں کو عید پر نئے کپڑے اور تحائف دیے جائیں گے، وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار اور سیکرٹری داخلہ مومن آغا قیدیوں کو تحائف دیں گے۔

آئی جی جیل خانہ جات مرزا شاہد بیگ کا کہنا تھا کہ خواتین قیدیوں کو سوٹ، کون مہندی اور چوڑیاں بھی ملیں گی جبکہ قیدی ماوں کے ساتھ رہنے والے بچوں کو بھی نئے کپڑے، کھلونے اور بسکٹ ملیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مرد قیدیوں کو نئےکپڑے، شیمپو، صابن اور ٹوتھ پیسٹ بھی ملے گا۔

آئی جی جیل خانہ جات کا کہنا تھا کہ عید کے روز قیدیوں کو ناشتے میں سوئیاں، حلوہ اور پراٹھا دیا جائے گا جبکہ دوپہر کے کھانے میں چکن قورمے سے قیدیوں کی تواضع کی جائے گی۔

مرزا شاہد بیگ کا کہنا تھا کہ جیل کے گریڈ 5 تک کے عملے کو 1500 روپے عیدی دی جائے گی۔

دوسری جانب ذرائع محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ عید الفطر پر قیدیوں کی سزا میں دو ماہ کی کمی کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :