ہم چند ملکوں میں سے ہیں جنہوں نے کورونا میں لوگوں اور معیشت کو بچایا، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت میں پہلے بھی لاک ڈاؤن نے بھارتی معیشت کو نقصان پہنچایا تھا لیکن ہم دنیا کے ان چند ملکوں میں سے ایک ہیں جنہوں نے کورونا سے نمٹنے کے ساتھ اپنے لوگوں اور معیشت کو بھی بچایا۔

سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں  وزیراعظم کا کہنا تھاکہ میں اوورسیز پاکستانیوں کی اہمیت سب سے زیادہ جانتا ہوں، شوکت خانم اسپتال چلانے میں اوورسیز پاکستانیوں کا بڑا اہم کردار ہے، 90 لاکھ اوورسیز پاکستانی ہمارا بہت بڑا اثاثہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں ساتھ دینے پر سعودی حکومت کا خاص طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں، سعودیہ اگر مشکل وقت میں مدد نہ کرتا تو ہم ڈیفالٹ کرجاتے۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ کورونا نے دنیا کی معیشت میں بڑی تباہی مچائی ہے، بھارت میں بھی کورونا نے تباہی مچادی، اس سے پہلے بھی لاک ڈاؤن نے بھارتی معیشت کو نقصان پہنچایا تھا لیکن ہم دنیا کے ان چند ملکوں میں سے ایک ہیں جنہوں نے کورونا سے نمٹنے کے ساتھ اپنے لوگوں اور معیشت کو بھی بچایا۔

ان کا کہنا تھاکہ ہمارے ہمسائے ممالک کی ایکسپورٹ گری لیکن ہماری برآمدات میں اضافہ ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ  ملک میں مافیا پرانے نظام کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں لیکن قانون کی حکمرانی والا معاشرہ اوپر جاتا ہے، طاقت کی حکمرانی والا معاشرہ ترقی نہیں کرتا، پرانا اسٹیٹس کو اور مافیا سب اکٹھے ہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان وفد کے ہمراہ 3 روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب میں موجود ہیں جہاں انہوں نے عمرے کی بھی سعادت حاصل کی۔

مزید خبریں :