09 مئی ، 2021
زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بھی پاکستان کی اننگز سے فتح یقینی ہوگئی ہے۔
کھیل کے تیسرے دن کے اختتام پر فاسٹ بولر حسن علی اور لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی کی شاندار بولنگ کے سبب میزبان ٹیم فالو آن کا شکار ہونے کے بعد دوسری اننگز میں 220 رنز پر 9 وکٹوں سے محروم ہوچکی ہے۔
خسارہ پورا کرنےکے لیے زمبابوےکو مزید 158رنز کی ضرورت ہے جب کہ پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ کرنےکے لیے صرف ایک وکٹ درکار ہے۔
کھیل کے تیسرے روز زمبابوے نے پہلی اننگز 52 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے شروع کی لیکن اُن کے بیٹسمینوں کوفاسٹ بولر حسن علی نے ٹکنے کا موقع نہیں دیا، حسن علی نے اننگز میں مجموعی طور پر 5وکٹیں حاصل کیں، ساجد خان نے 2، تابش خان اور شاہین آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی،پہلی اننگز میں زمبابوے کی پوری ٹیم 132 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
فالو آن کے بعد زمبابوے کے بیٹسمینوں نے دوسری اننگز میں ابتدا میں کچھ بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا، کپتان برینڈن ٹیلر اور ریگس چکبووا نے تیسری وکٹ پر 79 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد لیفٹ آر م اسپنر نعمان علی اور شاہین آفریدی چھاگئے ۔
اُنہوں نے میزبان ٹیم کی مڈل اور لوئر آرڈر اُڑادی ، نعمان علی نے 5 اور شاہین آفریدی نے 4 وکٹیں حاصل کیں، ریگس چکبووا 80رنز کے ساٹھ ٹاپ اسکور ر رہے، کھیل کے خاتمے پر زمبابوے نے دوسری اننگز میں 9 وکٹ پر 220 رنز بنالیے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ٹیسٹ میں ایک اننگز اور 116رنزسے شکست دی تھی۔
میچ جیو سوپر سے براہ راست نشر کیا جارہا ہے۔