14 مئی ، 2021
فلسطین پر اسرائیلی حملوں کے خلاف ملک بھر میں آج یوم فلسطین منایا گیا اور مظلوم فلسطینیوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا گیا۔
لاہور اور ملتان سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیےگئے اور فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کی مذمت کی گئی، مظاہرین نے عالمی برادری سے اسرائیلی بم باری کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
لاہور میں تحریک انصاف کے زیر اہتما م مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔
تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری کا کہنا تھاکہ فلسطین میں معصوم بچوں کی لاشیں گررہی ہیں ،مسلم دنیا کو اسرائیل کے خلاف مشرکہ لائحہ عمل اپنا نا چاہیے ۔
ملتان میں مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرہ کیا گیا۔
گجرات میں امیرجماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم کی زیرقیادت مسجد اقصیٰ و غزہ میں اسرائیلی دہشت گردی کےخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
عارف والا میں جماعت اسلامی کی جانب سے اسرائیل مخالف ریلی نکالی گئی، منڈی بہاءالدین، ملکوال میں بھی مذہبی جماعتوں کی فلسطینیوں کے حق میں ریلی نکالی گئی۔
دوسری جانب وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی علامہ طاہر اشرفی کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کو ہماری مالی سے زیادہ اخلاقی مدد کی ضرورت ہے، وزیراعظم نے اسلامی ممالک کے رہنماؤں سے رابطے کیے ہیں،مسلم امہ کشمیر اور فلسطین کے معاملے پر آگے بڑھے گی۔
ادھر اسرائیلی کی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے اور چار روز سے جاری حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد119 ہوگئی ہے۔