14 مئی ، 2021
کورونا نے مسلسل دوسرے سال بھی عید پر تھیٹرز کی رونقیں چھین لیں جس کے باعث اسٹیج فنکاروں کی آمدنی ٹھپ ہو گئی۔
عید جیسے پرمسرت موقع پراسٹیج ڈراموں سے ہونے والی آمدن فنکاروں کے لیے آسودگی کا باعث ہوتی تھی لیکن کورونا کے باعث مسلسل دوسرے سال بھی عید پر تھیٹربند ہونے سے فنکار معاشی بدحالی کا شکار ہیں۔
جیو نیوز کے مطابق فیصل آباد میں تھیٹر کے بیشتر فنکار اس عید پر بھی بچوں کے لیے نئے جوتے اور کپڑے تک نہیں خرید سکے۔
جیو نیوز سے گفتگو کے دوران ایک اسٹیج فنکار کا کہنا تھا کہ 27، 28 سال سے تھیٹر لائن سے وابستہ ہوں، کھبی ایسی عید نہیں گزری جیسی یہ گزر رہی ہے، نہ بچوں کے لیے جوتے لے سکا اور نہ کپڑے لے سکا ہوں۔
اسٹیج فنکاروں کا کہنا ہے حکومت سے امداد کی امید تھی وہ بھی عید سے قبل پوری نہیں ہوئی، نہ ہی حکومت نے فنکاروں کو پوچھا، فنکاروں کو دی جانے والی رقم پہلے گورنمنٹ سے مل جاتی تھی تاہم اب پتہ چلا کہ وہ بھی عید کے بعد ملنی ہے۔