شہباز شریف نے بیرون ملک جانے کی اجازت نہ دینے پر عدالت سے رجوع کرلیا

لاہور: اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بیرون ملک جانے کی اجازت نہ دینے پرلاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

شہباز شریف کے وکلا کی جانب سے دو درخواستیں دائر کی گئی ہیں جو توہین عدالت اور 7 مئی کے فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے کے خلاف دائر کی گئیں جب کہ درخواست میں 6 سرکاری افسران، سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ ریاستی اداروں کو سیاسی مخالفین کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے،  لاہورہائیکورٹ کےفیصلے کے بعد 8 مئی کو علامہ اقبال ائیرپورٹ پہنچا لیکن ائیرپورٹ پر سفر سے روک دیاگیا۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہےکہ افسران نے لاہورہائیکورٹ کے فیصلے پر عمل نہیں لہٰذا نامزد فسران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرکے قرارواقعی سزا دی جائے۔

واضح رہےکہ شہباز شریف نے بلیک لسٹ میں نام موجود ہونے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا جس پر عدالت نے انہیں علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی تاہم گزشتہ ہفتے بیرون ملک روانگی کے لیے جب شہباز شریف لاہور ائیرپورٹ پہنچے تو امیگریشن حکام نے انہیں پرواز میں سوار ہونے کی اجازت نہیں دی جس پر اپوزیشن لیڈر واپس گھر روانہ ہوگئے۔

مزید خبریں :