کراچی میں کچھ دیر چلنے والی آندھی کے باعث مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق

کراچی میں کچھ دیر چلنے والی آندھی کے باعث مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

کراچی میں شدید گرمی کے بعد گرد آلود ہواؤں اور آندھی کے بعد ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

تیز آندھی کے بعد شہر کے مختلف علاقوں، سرجانی ٹاؤن، ملیر، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ ، نارتھ ناظم آباد اور کینٹ اسٹیشن پر کہیں بوندا باندی اور کہیں ہلکی بارش ہوئی۔

آندھی اور بارش کے ساتھ ہی کراچی کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جب کہ سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا۔

شارع فیصل پر تیز ہوا کے باعث درخت اور  بجلی کا تار گرگیا، شیرشاہ محمدی روڈ پر گھر کی دیوار گرنے سے 10 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔

اورنگی ٹاون 4 نمبر ہزارہ چوک پر 3 ماہ قبل لگائی گئی پی ایم ٹی گر گئی، پی ایم ٹی گرنے والے علاقے میں کے الیکٹرک کی ٹیمیں پہنچ گئی ہیں اور ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں جلد بجلی بحال کردی جائے گی۔

اس کے علاوہ بلدیہ گلشن غازی میں گھر کی چھت گرنے سے ایک خاتون اور مرد جاں بحق ہوگئے۔

راشد منہاس روڈ پر شاپنگ مال پر لگا بل بورڈ کرنے سے2 افراد زخمی ہوگئے۔ مال انتظامیہ کے مطابق بل بورڈ گرنے سے شاپنگ آوٹ لیٹ کے دو ملازمین زخمی ہوئے ،دونوں زخمی ملازمین مال میں موجود ایمبولینس پر نجی اسپتال منتقل کردیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ آئی آئی چندریگر روڈ پر کثیر المنزلہ بینک کے شیشے اکھڑ گئے تاہم کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔

 کے الیکٹرک کے 500 سے زائد فیڈر ٹرپ کرگئے،  درجنوں علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی،  مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق موسم گرمی کے باعث تھنڈر سیلز بنے ہیں، شمال مشرق سے ہوائیں چل رہی ہیں اور شہر کے شمالی حصے میں بادل بن رہے ہیں۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق سائیکلون سے متعلق الرٹ میں آندھی کا امکان ظاہر کیا گیا تھا، دو تین گھنٹے میں کراچی سے بادل گزر جائیں گے ۔

سردار سرفراز کا کہنا ہےکہ کراچی میں گرمی کی شدت میں کل سے کمی آجائے گی،کراچی میں تیز بارش کا کوئی امکان نہیں، سمندری طوفان اور شہر میں گرمی کی شدت کے باعث بادل بنے ہیں۔

مزید خبریں :