نوازشریف کی جائیدادوں کی نیلامی کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں 3 درخواستیں دائر

سابق وزیراعظم نوازشریف کی جائیدادوں کی نیلامی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں تین الگ الگ درخواستیں دائر کردی گئیں۔

توشہ خانہ ریفرنس میں اشتہاری ملزم سابق وزیراعظم نواز شریف کی جائیدادوں کی نیلامی روکنےکی درخواستیں کل اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہیں۔

میاں برکت کی درخواست میں کہا گیا ہےکہ اپر مال لاہور کا مکان اتفاق گروپ کا اثاثہ اور میاں شریف، میاں شفیع، میاں معراج الدین اور ان سمیت دیگر فیملیز کی مشترکہ ملکیت ہے جسے فروخت نہیں کیا جا سکتا۔

محمد اشرف نے درخواست میں کہا ہےکہ نواز شریف کی شیخوپورہ کی جائیدادیں 20 مئی کو نیلام کرنے کی تاریخ مقرر کر دی گئی، شیخوپورہ کی 88 کنال اراضی نواز شریف سے خرید کر بذریعہ چیک 7 کروڑ 75 لاکھ کی ادائیگی کر چکا ہوں۔

درخواست گزار کا کہنا ہےکہ نواز شریف کی گرفتاری کے باعث فروخت کے معاہدے پر عمل درآمد نہ ہو سکا جس کے لیے سول کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔

ایک اور درخواست میں اسلم عزیز نے کہا کہ ڈی سی لاہور 105 ایکڑ اراضی نیلام کرنے کے لیے قبضہ میں لے رہے ہیں، زمینیں لیز پر لےکر پھلوں کے باغ لگانے کے لیے بھاری سرمایہ کاری کی ہے جس پر گزر بسر ہے، نیلامی سے سرمایہ کاری ضائع ہونے کا خدشہ ہے، ڈی سی لاہور کو زمین کی نیلامی سے روکا جائے۔ 

مزید خبریں :