18 مئی ، 2021
لاہور میں مائرہ قتل کیس میں مقتولہ کی دوست اقراء نے پولیس کو بیان ریکارڈ کرادیا۔
اقراء کا کہنا ہے کہ قتل کی رات مائرہ نے سجل اور علی نامی دوست کے ساتھ کئی گھنٹے گزارے۔
پولیس کے مطابق مقتولہ مائرہ کی دوست اقراء نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مائرہ نانی کے گھر جانا چاہتی تھی لیکن سجل کا اصرار تھا کہ وہ ڈیفنس میں ہی رہے، سجل اور ان کا مشترکہ دوست علی، مائرہ کے گھر سے سحری کے وقت چلے گئے تھے، ان کے جانے کے بعد ہم دونوں کافی دیر بیٹھے باتیں کرتے رہے ،صبح 4 بجے میں سونے گئی تو مائرہ نے اپنا کمرہ لاک کر لیا۔
اقراء نے بتایا کہ قتل کی رات لندن سے رانی نامی لڑکی مائرہ سے کافی دیر باتیں کرتی رہی۔
پولیس کےمطابق جس گھر میں واردات ہوئی وہ اقراء نے کرائے پر لیا تھا۔جیو نیوز نے مکان کا کرایہ نامہ بھی حاصل کر لیا ہے۔
مائرہ اور اقراء اس گھر کی بالائی منزل پر الگ الگ کمروں میں رہتی تھیں۔ مائرہ قتل کیس میں اقرا سمیت 3 افراد زیر حراست ہیں۔
خیال رہے کہ لندن سے آنے والی مائرہ کو 3 مئی کو گھر میں گولی مار کر قتل کردیا گیا تھا۔