19 مئی ، 2021
اسرائیل کو بڑا سرپرائز دینے والے حماس کے ملٹری ونگ القسام بریگیڈ کے سربراہ محمد الضیف کی تلاش ہے جبکہ ان پر 2 دفعہ حملے کیے گئے۔
اسرائیلی اخبار یروشلم کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل بڑا سرپرائز دینے والے حماس رہنما کا مسلسل پیچھا کررہا ہے اور اِس وقت شدید حملوں کے بعد محمد الضیف اسرائیل کے نشانے پر ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے القسام بریگیڈ کے کمانڈر محمد الضیف کو دو دفعہ نشانہ بنانے کی کوشش کی اور جنوبی غزہ میں کیے گئے دونوں حملوں میں محمد الضیف محفوظ رہے۔
القسام بریگیڈ کے کمانڈر 25 سال سے اسرائیل کو مطلوب ہیں تاہم ہر بار وہ اسرائیلی حملوں میں بچ نکلنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ اسرائیل کی جانب غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے جواب میں حماس کے ملٹری ونگ القسام بریگیڈ نے اسرائیلی شہروں پر 3 ہزار سے زائد راکٹ فائر کیے ہیں جس کے نتیجے میں 10 اسرائیلی ہلاک ہوئے۔
دوسری جانب حماس حملوں سے پہلی بار اسرائیل کا بڑا تجارتی اور شپنگ نقصان ہوا، اسرائیلی پورٹس کیلئے وار رسک پریمیم نافذ کردیا گیا۔
اسرائیلی پورٹ جانے والے جہاز 50 ہزار سے ڈیڑھ لاکھ ڈالر اضافی دیں گے، 7 دن سے زاید اسرائیلی پورٹ پر رہنے کی صورت میں رقم دگنی ہوگی، جہاز پر لدے سامان سے وار رسک پریمیم میں الگ اضافہ ہوگا۔