20 مئی ، 2021
اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کے خلاف تحقیقات کے معاملے پر بیرسٹر علی ظفر نے تحقیقات مکمل کرلیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ جہانگیر ترین کے معاملے پر وزیراعظم کو رپورٹ پیش کرنے کے لیے سفارشات کی تیاری جاری ہے اور بیرسٹر علی ظفر آئندہ چند روز میں اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کریں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ علی ظفر نے ترین گروپ کے وکلا اور دیگر شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔
واضح رہےکہ جہانگیر ترین کے معاملے پر وزیراعظم نے گزشتہ ماہ ان کے ہم خیال گروپ سے ملاقات کی تھی اور وزیراعظم نے معاملات کی تحقیقات کی ذمہ داری علی ظفر کو سونپی تھی۔
اس حوالے سے جہانگیر ترین گروپ کا دعویٰ تھا کہ وزیراعظم نے ان کے تمام مطالبات تسلیم کرلیے ہیں۔